فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

بوسٹن(فیفا+سپورٹس ڈیسک)کپتان کیلیان ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے کی شاندار کارکردگی کی بدولت فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔

بوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں فرانسیسی ٹیم نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، تاہم دوسرے ہاف میں فرانس نے صرف چھ منٹ کے وقفے میں دو گول کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔

میچ کے 60ویں منٹ میں کیلیان ایمباپے نے فرانس کو برتری دلائی، جبکہ 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔اس سے قبل پہلے ہاف میں فرانس کو ایک پنالٹی بھی ملی تھی، تاہم مراکش کے گول کیپر نے ایمباپے کی کوشش ناکام بنا دی۔

دوسرے ہاف میں مراکش نے واپسی کی بھرپور کوشش کی، لیکن فرانسیسی دفاع اور گول کیپر نے ان کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں، جس کے بعد فرانس 2-0 سے کامیاب ہو کر سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گیا۔