کورون( رائٹرز، اے پی) فلپائن میں مسافر فیری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی جبکہ 54 افراد تاحال لاپتا ہیں، 43 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا۔فلپائنی کوسٹ گارڈ کے مطابق فیری میں بدھ کی شام آگ لگی تھی، جس کے بعد امدادی ٹیموں کو شدید دھویں اور گرمی کے باعث جہاز میں داخل ہونے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ جمعے کو امدادی کارکنوں نے جل کر تباہ ہونے والی فیری کے اندر پہنچ کر مزید لاشیں نکالیں۔
فیری منیلا سے روانہ ہوئی تھی اور پالاون کے سیاحتی علاقے کورون کے قریب پہنچنے والی تھی کہ آگ بھڑک اٹھی۔ جہاز میں 117 مسافر اور 17 عملے کے ارکان سمیت 134 افراد سوار تھے، تاہم دو افراد نے حکام کو بتایا کہ وہ فیری پر سوار ہی نہیں ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم بعض زندہ بچ جانے والے مسافروں نے جہاز کے اندر دو دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی ہے۔ فیری میں 5 موٹر سائیکلیں، ایک برقی گاڑی، فورک لفٹ، پک اَپ گاڑی اور دیگر سامان بھی موجود تھا۔ریسکیو حکام نے لاپتا افراد کی تلاش اور لاشوں کی شناخت کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔

