فٹبال ورلڈکپ کے موقع پر امریکہ میں میڈ ان پاکستان ٹورنامنٹ کا انعقاد

پاکستان دنیا کے اُن ممتاز ممالک میں شامل ہے جہاں ہاتھ
سے سلے ہوئے اعلیٰ معیار کے فٹبال تیار کیے جاتے ہیں

میڈ اِن پاکستان مہم کا مقصد پاکستان کی صنعتی مہارت اور معیاری
مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانا تھا: وقار علی خان

امریکہ میں فیفا فٹبال ورلڈکپ کے موقع پر امریکہ میں میڈ ان پاکستان ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ سفیرِ پاکستان، پاکستان کے قونصل خانے اور پاکستان چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے بین الاقوامی “میڈ اِن پاکستان” فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہِٹ فیکٹری کیلیفورنیا میں ہوا جس میں لاس اینجلس کی دس ممتاز فٹبال ٹیموں نے شرکت کی۔ ایونٹ میں کھیل کے سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ کمیونٹی روابط، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو بھی فروغ دیا گیاا۔ فاتح ٹیم کو چیمپئن شپ ٹرافی جبکہ تمام شریک ٹیموں کو ان کی بہترین کارکردگی، کھیل کے اعلیٰ اخلاق اور شاندار شرکت کے اعتراف میں یادگاری تمغے پیش کیے گئے۔

یہ ایونٹ فیفا ورلڈ کپ کے پُرجوش ماحول میں منعقد کیا کرکے عالمی فٹبال صنعت میں پاکستان کے نمایاں کردار کو اجاگر کیا گیا۔ ایونٹ کے روح رواں وقار علی خان کا کہنا تھا پاکستان دنیا کے اُن ممتاز ممالک میں شامل ہے جہاں ہاتھ سے سلے ہوئے اعلیٰ معیار کے فٹبال تیار کیے جاتے ہیں، اور بین الاقوامی سطح پر استعمال ہونے والی متعدد فٹبال پاکستان میں تیار ہوتی ہیں۔

“میڈ اِن پاکستان” مہم کا مقصد پاکستان کی صنعتی مہارت اور معیاری مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی اور امریکی کمیونٹیز کے درمیان دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

اس موقع پر منتظمین نے مزید کہا “یہ ٹورنامنٹ صرف ایک کھیل کا مقابلہ نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک مشترکہ مقصد کے تحت یکجا کرنے، باہمی احترام کو فروغ دینے اور کمیونٹی روابط کو مضبوط بنانے کا ایک منفرد موقع ہے۔”

تقریب میں مقامی فٹبال چیمپئنز، کمیونٹی رہنما، پاکستان کے کیلیفورنیا میں قونصل جنرل عاصم علی خان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء کے لیے ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس میں ماریاچی موسیقی، ہسپانوی فنکاروں کی پرفارمنس، فولکلوریکو رقص، متنوع کھانوں کے سٹالز اور پورے خاندان کے لیے تفریحی سرگرمیاں کا بھی انعقاد کیا گیا۔

اس شاندار تقریب کو سپورٹ کرنے والی تنظیموں میں فرینڈز آف پاکستان، پاکستانی امریکن ٹیک کونسل اور او پی ٹی وی گلوبل شامل سرفہرست تھے۔

بین الاقوامی “میڈ اِن پاکستان” فٹبال ٹورنامنٹ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ کھیل کی عالمگیر زبان کے ذریعے مختلف ثقافتوں، قومیتوں اور کمیونٹیز کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔