سان فرانسسکو(فیفا، غیرملکی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے تیسرے روز گروپ بی کے پہلے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور قطر کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا، جس کے نتیجے میں قطر کی ٹیم ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار پوائنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
سان فرانسسکو میں کھیلے گئے میچ میں سوئٹزرلینڈ نے آغاز ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور متعدد خطرناک حملے کیے۔ پہلے ہاف کے 17ویں منٹ میں قطر کے گول کیپر کے فاؤل کے بعد ملنے والی پنالٹی کک پر بریل ایمبولو نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
وقفے تک سوئٹزرلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل رہی، جبکہ دوسرے ہاف میں بھی سوئس ٹیم نے کئی مواقع پیدا کیے لیکن انہیں گول میں تبدیل نہ کر سکی۔ اس کے برعکس قطر نے آخری لمحات تک ہمت نہ ہاری اور انجری ٹائم میں کپتان بوعلام خوخی نے ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں نے ایک، ایک پوائنٹ حاصل کیا، جبکہ قطر کے لیے یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا پوائنٹ ثابت ہوا، جس پر کھلاڑیوں اور شائقین نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔

