فیصل آباد: 10 سالہ بچے کو زیادتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا گیا

فیصل آباد(نامہ نگار) 10 سالہ بچے کو مبینہ زیادتی کی کوشش کے دوران مزاحمت کرنے پر گلا کاٹ کر قتل کرنیوالے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مقتول بچے کا محلے دار ہے، جسے مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران حراست میں لیا گیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے بچے کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق رحمان پورہ کا رہائشی 10 سالہ بلال پانچ روز قبل گھر سے برف خریدنے نکلا تھا، جہاں ملزم اسے بہانے سے ویرانے میں لے گیا اور مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق بچے کی جانب سے مزاحمت پر ملزم نے تیز دھار آلے سے اس کا گلا کاٹ دیا اور فرار ہوگیا۔

بچے کی لاش ملنے پر والد کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے تفتیش کے دوران مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد ملزم ثاقب کو مشکوک بیانات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے بلال کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا، جبکہ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔