زیورخ / واشنگٹن( امریکی میڈیا، بین الاقوامی اسپورٹس رپورٹس)امریکی میڈیا کے مطابق عالمی فٹبال تنظیم فیفا ستمبر 2026 میں ہونے والے انڈر 15 فٹبال فیسٹیول کے افتتاحی میچ میں اسرائیل اور فلسطین کی نوجوان ٹیموں کو آمنے سامنے لانے کی تجویز پر غور کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا میں منعقد ہونے والے اس فٹبال فیسٹیول میں فیفا کے تمام 211 رکن ممالک کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، جبکہ اس اقدام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کے ذریعے امن، مکالمے اور باہمی روابط کے فروغ کا پیغام دینا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو فٹبال کو سفارتی رابطوں اور امن کے فروغ کے ایک ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کے خواہاں ہیں، اسی تناظر میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان افتتاحی میچ کی تجویز سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن نے تاحال اس تجویز پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا، جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ اسرائیل اور فلسطین کی ٹیمیں فیسٹیول میں شرکت کریں گی یا نہیں۔
فیسٹیول میں مختصر دورانیے کے میچز چھوٹے میدانوں پر کھیلے جائیں گے اور رواں سال کے ایڈیشن میں صرف بوائز ٹیمیں شریک ہوں گی، جبکہ 2027 کے ایڈیشن میں گرلز ٹیموں کو بھی شامل کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔
امریکی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ روس کو بھی انڈر 15 فٹبال فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی جا سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے فیفا کی جانب سے ابھی تک کوئی حتمی اعلان یا باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔

