فیفا ورلڈ کپ: ارجنٹینا کا شاندار کم بیک، مصر کو 3-2 سے شکست دیدی

اٹلانٹا(فیفا، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے راؤنڈ آف 16 میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مصر کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اٹلانٹا میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں مصر نے جارحانہ آغاز کیا اور 15ویں منٹ میں یاسر ابراہیم کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔ 21ویں منٹ میں ارجنٹینا کو پنالٹی ملی، تاہم لیونل میسی کی کک مصری گول کیپر نے روک کر برتری برقرار رکھی۔

مصر نے 67ویں منٹ میں مصطفیٰ زیکو کے گول کے ذریعے اپنی برتری 2-0 کر دی، جس کے بعد اس کی فتح کے امکانات روشن دکھائی دینے لگے۔

تاہم ارجنٹینا نے آخری لمحات میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 79ویں منٹ میں کرسٹیان رومیرو اور 83ویں منٹ میں لیونل میسی کے گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔

انجری ٹائم میں اینزو فرنینڈس نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے ارجنٹینا کو 3-2 کی یادگار فتح دلا دی۔اس کامیابی کے ساتھ ارجنٹینا نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔