فیفا ورلڈ کپ: اسٹیڈیم میں ایران کے سرکاری قومی پرچم لہرانے کی اجازت

لاس اینجلس(امریکی عدالت، فیفا)امریکی عدالت نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم میں ایران کے سابق شاہی دور کے پرچم کی نمائش پر عائد پابندی برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ میچز کے دوران صرف ایران کا سرکاری قومی پرچم ہی لہرایا جا سکے گا۔

عدالتی فیصلے کے بعد سابق شاہی نظام کے حامیوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، جو ورلڈ کپ کے دوران شاہی دور سے منسلک علامتی پرچم استعمال کرنے کے خواہاں تھے۔ایران کے سابق شاہی دور سے منسلک اس پرچم میں شیر اور سورج کا نشان موجود ہے، جو 1979ء کے عوامی انقلاب سے قبل شاہی نظام کی علامت سمجھا جاتا تھا، جبکہ موجودہ سرکاری پرچم اس سے مختلف ہے۔

یہ مقدمہ لاس اینجلس کاؤنٹی کی عدالت میں دائر کیا گیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ مذکورہ پابندی آزادیٔ اظہار کے منافی ہے، تاہم جج کرٹس اے کن نے کیس کا فوری فیصلہ سناتے ہوئے پابندی کو برقرار رکھنے کا حکم دیا۔عدالت کے فیصلے کے بعد فیفا ورلڈ کپ کے میچز کے دوران اسٹیڈیم میں صرف ایران کے سرکاری قومی پرچم کی نمائش کی اجازت ہوگی۔