فیفا ورلڈ کپ: اسپین نے بلجیم کو 2-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

انگل ووڈ ،کیلیفورنیا(فیفا+رائٹرز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بلجیم کو 2-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔

امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر انگل ووڈ میں واقع لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور گیند پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔

اسپین نے 30ویں منٹ میں برتری حاصل کی، جب دانی اولمو کی شاٹ پر بلجیم کے گول کیپر تھیبو کورتوا نے شاندار بچاؤ کیا، تاہم ریباؤنڈ پر فابیان رویز نے گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔

بلجیم نے 41ویں منٹ میں مقابلہ برابر کر دیا، جب تیموتھی کاسٹان کے کراس پر چارلس ڈی کیٹیلیئرے نے عمدہ ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر تھیں۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کے لیے بھرپور کوششیں کیں، تاہم اسپین نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا جبکہ بلجیم نے جوابی حملوں سے خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کی۔

میچ کا رخ اس وقت بدل گیا جب دوسرے ہاف میں انجری کے باعث تھیبو کورتوا میدان سے باہر چلے گئے اور ان کی جگہ سینے لامنز نے سنبھالی۔ کھیل کے 88ویں منٹ میں پاؤ کوبارسی کی شاٹ پر لامنز گیند کو قابو میں نہ رکھ سکے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متبادل کھلاڑی میکل میرینو نے ریباؤنڈ پر گیند جال میں پہنچا کر اسپین کو 2-1 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

70 ہزار سے زائد شائقین کی موجودگی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں اسپین نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے فتح اپنے نام کی اور 2010 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں اسپین کا مقابلہ فرانس سے ہوگا، جو ڈلاس میں کھیلا جائے گا۔