ٹورنٹو( آئیوری کوسٹ فٹبال فیڈریشن، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جرمنی کے خلاف اہم میچ سے قبل آئیوری کوسٹ کو بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں ٹیم کے اہم اسٹرائیکر ایلی واہی کینیڈا کا ویزا نہ ملنے کے باعث میچ میں شرکت سے محروم ہو گئے ہیں۔
آئیوری کوسٹ فٹبال فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ ایلی واہی کو کینیڈا میں داخلے کے لیے درکار ویزا کی منظوری حاصل نہیں ہو سکی، جس کے باعث وہ جرمنی کے خلاف میچ کے لیے ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کر سکے۔
فیڈریشن کے مطابق آئیوری کوسٹ کا اسکواڈ میچ کیلئے کینیڈا پہنچ چکا ہے جبکہ ایلی واہی امریکا میں ہی موجود رہیں گے اور ٹیم کو دستیاب نہیں ہونگے۔23 سالہ فارورڈ ایلی واہی نے ورلڈ کپ میں آئیوری کوسٹ کے پہلے میچ میں ایکواڈور کے خلاف ٹیم کی نمائندگی کی تھی، تاہم اب وہ ٹورنامنٹ کے اہم مقابلے سے باہر ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایلی واہی گزشتہ ماہ فرانس میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار بھی ہوئے تھے، تاہم ان کے خلاف تحقیقات ابھی جاری ہیں اور اس معاملے پر قانونی کارروائی مکمل نہیں ہوئی۔
ایلی واہی فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہ ملنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل گھانا کے مڈفیلڈر تھامس پارٹے کو بھی کینیڈا کا ویزا جاری نہیں کیا گیا تھا، جس کے باعث وہ بھی اپنے میچ میں شرکت سے محروم رہے تھے۔

