بوسٹن / ٹورنٹو( فیفا، میچ حکام)فیفا ورلڈ کپ میں گروپ آئی کے مقابلے مکمل ہوگئے، فرانس نے ناروے کو شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی، جبکہ سینیگال نے عراق کے خلاف بڑی کامیابی کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔
بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے ناروے کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر گروپ مرحلے میں مسلسل تیسری کامیابی اپنے نام کی۔
فرانس کی جانب سے عثمان ڈیمبیلے نے ساتویں، بیسویں اور بتیسویں منٹ میں گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی، جو فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ہیٹ ٹرک بھی قرار دی جا رہی ہے۔ فرانس کا چوتھا گول ڈیزائرے دوئے نے انجری ٹائم میں اسکور کیا، جبکہ ناروے کی جانب سے واحد گول تھیلو آسگارڈ نے کیا۔ ناروے کے کوچ نے اس میچ کے لیے ابتدائی ٹیم میں دس تبدیلیاں کی تھیں۔
دوسرے میچ میں ٹورنٹو میں سینیگال نے عراق کو پانچ، صفر سے شکست دے دی۔ سینیگال کی جانب سے حبیب دیارا نے چوتھے منٹ میں پہلا گول کیا، پاپ گیے نے دو گول اسکور کیے، جبکہ اسماعیلا سار اور ایلیمان ندیائے نے ایک، ایک گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ سینیگال فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ہی میچ میں پانچ گول کرنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی، جبکہ اس فتح کے بعد اس کی پری کوارٹر فائنل میں رسائی کی امیدیں بھی برقرار ہیں۔

