بوسٹن( بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں پیراگوئے نے جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ کے سڈن ڈیتھ مرحلے میں شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں مقررہ وقت کے پہلے ہاف میں جرمنی کا کھیل بہتر رہا، تاہم پیراگوئے نے 42ویں منٹ میں جولیو اینسیکو کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی اور وقفے تک ایک، صفر سے آگے رہا۔
دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی جرمنی نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 54ویں منٹ میں اپنے اسٹار کھلاڑی کائی ہیورٹز کے گول کی بدولت مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد پیراگوئے نے مضبوط دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کو مزید گول کرنے سے روک دیا۔
مقررہ وقت ایک، ایک گول سے برابر رہنے کے بعد اضافی وقت دیا گیا، جس میں جرمنی نے ایک بار گیند جال میں پہنچائی، تاہم ریفری نے پیراگوئے کے گول کیپر کے خلاف فاؤل قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا۔
اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ ابتدائی پانچ، پانچ پنالٹی ککس کے بعد دونوں ٹیمیں تین، تین گول سے برابر تھیں۔
سڈن ڈیتھ مرحلے میں جرمنی کا پہلا پنالٹی شاٹ ضائع ہوگیا، جبکہ پیراگوئے کے کھلاڑی نے کامیاب پنالٹی پر گول کر کے اپنی ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔اب پری کوارٹر فائنل میں پیراگوئے کا مقابلہ فرانس یا سوئیڈن میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔

