میکسیکو سٹی( فیفا، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 2-0 سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کی جانب سے پہلا گول جولین کوئنونز نے کھیل کے نویں منٹ میں اسکور کیا اور ٹورنامنٹ کے 23ویں ایڈیشن کا پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میکسیکو کی جانب سے دوسرا گول راول جیمنیز نے 67ویں منٹ میں کیا۔
میچ کے دوران جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے سخت کھیل پیش کیا، جس پر ریفری نے دو کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا، یوں جنوبی افریقہ نے میچ کا بڑا حصہ صرف نو کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں میکسیکو کے ایک کھلاڑی کو بھی ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔
اس سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور برنا بوائے نے ورلڈ کپ کا آفیشل نغمہ ’’ڈائی ڈائی‘‘ پیش کیا، جبکہ میکسیکو کے ثقافتی رقص اور موسیقی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ تقریب میں مانا، جے بالوین اور ڈینی اوشین نے بھی پرفارم کیا۔
ادھر مشترکہ میزبان کینیڈا اور امریکا میں بھی افتتاحی میچوں سے قبل خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ ورلڈ کپ کے آغاز پر میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں ہزاروں شائقین نے اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منایا۔

