میامی(فیفا)فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں ایک ہی روز اسٹیڈیمز میں شائقین کی حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا، جس نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں تماشائیوں کی آمد کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔
فیفا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 16 جون کو کھیلے گئے میگا ایونٹ کے چار میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین فٹبال اسٹیڈیمز میں موجود رہے، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک دن کے دوران سب سے زیادہ حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل ایک روز میں سب سے زیادہ تماشائیوں کی آمد کا ریکارڈ 1994ء کے فیفا ورلڈ کپ کے دوران قائم ہوا تھا، جب ایک دن میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین مختلف میچز دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے تھے۔
فیفا کے مطابق 16 جون کو فرانس، سینیگال، عراق، ناروے، ارجنٹائن، الجزائر، آسٹریا اور اردن کے درمیان کھیلے گئے میچز میں شائقین کی غیر معمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث ایک روزہ حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے ابتدائی چھ روز کے دوران مجموعی طور پر 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین مختلف اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے پہنچے، جبکہ فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 483 ریکارڈ کی گئی۔
فیفا کا کہنا ہے کہ موجودہ رفتار برقرار رہی تو 2026ء کا ورلڈ کپ مجموعی حاضری کے تاریخی ریکارڈ کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس سے قبل 1994ء کے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 35 لاکھ شائقین نے اسٹیڈیمز میں جا کر میچز دیکھے تھے، جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔
فیفا حکام کے مطابق اگر شائقین کی آمد کا یہی سلسلہ برقرار رہا تو گروپ مرحلے کے اختتام تک مجموعی حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم ہو سکتا ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ 16 جون 2026ء ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک یادگار دن بن گیا ہے، کیونکہ دنیا بھر سے آنے والے شائقین نے اس ٹورنامنٹ میں جوش، رنگ اور شاندار ماحول پیدا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 دنیا بھر میں فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے، ٹکٹوں کی طلب مسلسل بلند ہے اور شائقین کو چاہیے کہ وہ ٹکٹوں کی دستیابی سے متعلق معلومات باقاعدگی سے حاصل کرتے رہیں۔
فیفا حکام کا مزید کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے حاصل ہونے والی آمدنی عالمی سطح پر مردوں، خواتین اور یوتھ فٹبال کی ترقی اور فروغ کے مختلف منصوبوں پر خرچ کی جاتی ہے۔

