فیفا ورلڈ کپ 2034: پاکستان کا 4 لاکھ ہنرمند افراد کو سعودی عرب بھیجنے کا منصوبہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سعودی عرب میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2034 کے پیش نظر پاکستان نے 3 سے 4 لاکھ ہنرمند افراد کو سعودی عرب بھیجنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستانی ہنرمند افراد 2026 سے 2034 کے دوران تعمیرات، ہوا بازی، سیاحت اور دیگر متعلقہ خدمات کے شعبوں میں خدمات انجام دیں گے۔

یہ اقدام حکومت کی اس وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد بیرون ملک روزگار کے مواقع میں اضافہ اور عالمی لیبر مارکیٹ میں پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے۔

دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران 2 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد کو سافٹ اسکلز کی تربیت دی گئی تاکہ ان کی عالمی سطح پر ملازمت حاصل کرنے کی صلاحیت بہتر ہو سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں 5 لاکھ 30 ہزار سے زائد پاکستانی ہنرمند افراد سعودی عرب گئے، جو بیرون ملک روزگار کے لیے رجسٹریشن کا تقریباً 70 فیصد بنتا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کا وژن 2030 منصوبہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، جس کے باعث ہنرمند افرادی قوت کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔

اسی دوران پاکستان بیورو آف امیگریشن کے مطابق صرف 2025 میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد بیرون ملک ملازمت کے لیے رجسٹر ہوئے۔

1972 سے اب تک ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد پاکستانی 50 سے زائد ممالک میں روزگار کے لیے جا چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خلیجی ممالک خصوصاً سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کام کر رہی ہے۔

ادھر یورپی ممالک کے ساتھ بھی لیبر تعاون بڑھ رہا ہے، جہاں اٹلی نے آئندہ تین سال کے لیے پاکستانی ہنرمند افراد کے لیے 10 ہزار 500 کوٹے کا اعلان کیا ہے، جبکہ جرمنی اور یونان بھی افرادی تعاون کے معاہدوں پر پیش رفت کر رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے ہجرت کے عمل کو مزید منظم بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام اور آن لائن تصدیقی طریقہ کار بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔