زیورخ (رائٹرز) فیفا نے ورلڈ کپ 2026ء کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد فاکلینڈ (مالویناس) سے متعلق سیاسی بینر لہرانے پر ارجنٹینا کے دو کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی لیساندرو مارٹینیز اور جیووانی لو سیلسو نے میچ کے بعد جشن کے دوران ایک بینر اٹھایا، جس پر لکھا تھا: “مالویناس ارجنٹینا کا حصہ ہے”۔فیفا کے ضابطوں کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں میں سیاسی، نظریاتی یا متنازع پیغامات کی نمائش ممنوع ہے۔
فیفا کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈسپلنری کمیٹی میچ رپورٹس اور تمام متعلقہ شواہد کا جائزہ لے رہی ہے، جس کے بعد ممکنہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب برطانیہ نے اس اقدام کو فیفا قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ فاکلینڈ جزائر کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کے حقِ خودارادیت کے مطابق ہوگا۔واضح رہے کہ ارجنٹینا فاکلینڈ (مالویناس) جزائر پر اپنا دعویٰ برقرار رکھتا ہے، جبکہ برطانیہ ان جزائر کا انتظام سنبھالے ہوئے ہے۔
ادھر ارجنٹینا کے صدر خاویئر میلئی نے کھلاڑیوں کے اقدام کو عوامی جذبات کی عکاسی قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ فیفا اس معاملے پر جرمانہ عائد کر سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق فیفا ماضی میں بھی سیاسی نوعیت کے بینرز، نعروں اور پیغامات کی نمائش پر مختلف ٹیموں اور کھلاڑیوں کے خلاف جرمانے اور تادیبی کارروائیاں کر چکا ہے۔

