قصور بارڈر پر بھارتی بی ایس ایف کی فائرنگ، 2 پاکستانی شہری شہید، ایک زخمی

قصور (آئی ایس پی آر) پاک بھارت بین الاقوامی سرحد کے قریب بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کی فائرنگ سے 2 نہتے پاکستانی شہری شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ واقعے کی تفصیلات کی تصدیق پاکستانی سیکیورٹی ذرائع اور سرکاری ذرائع ابلاغ نے بھی کی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لدھڑ گاؤں سے تعلق رکھنے والے 3 مقامی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے تو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر بغیر وارننگ ان پر فائرنگ کردی۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہری شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا، تینوں افراد نہتے تھے۔ شہید ہونے والوں کی شناخت عظمت رسول ولد عطا اللہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق جٹاں والی حویلی، لدھڑ سے تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افراد میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔ ذرائع نے واقعے کو پاک بھارت بین الاقوامی سرحد سے متعلق بارڈر معاہدے اور طے شدہ حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ نے تینوں پاکستانی شہریوں کو مبینہ درانداز قرار دیا، جبکہ پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں افراد نے بارڈر فینس عبور کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔