قلندرز تر نوالہ ثابت، اسلام آباد یونائیٹڈ 9 وکٹوں سے فاتح

کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے سیزن 11 کے 16ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر یکطرفہ مقابلے کا مظاہرہ کیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قلندرز کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 100 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ سکندر رضا 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ حسیب اللّٰہ 19 اور آصف علی 15 رنز بنا سکے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کرس گرین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رچرڈ گلیسن، عماد وسیم اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 101 رنز کا ہدف صرف 1 وکٹ کے نقصان پر 11ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ ڈیون کونوے نے 59 اور محمد فائق نے 34 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلیں۔ قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز کرس گرین کو ان کی عمدہ بولنگ پرفارمنس کیلئےدیا گیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ لاہور قلندرز نے اوپنر ایمون کی جگہ ریان برل کو شامل کیا تھا۔