اسلام آباد (نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر پہنچے، جہاں انہوں نے مرحومہ کے اہلخانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور لائبہ کیلئے دعائے مغفرت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہلخانہ کو لائبہ اعجاز کیس میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کیس پر تحقیقاتی ٹیم نے دن رات محنت کی اور اہلخانہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا ان کا فرض تھا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے جعلساز کی جانب سے لوٹی گئی رقم میں سے 50 لاکھ روپے سے زائد لائبہ کے والد کے حوالے کیے اور باقی رقم کی واپسی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد بھی وزرا کے ہمراہ موجود تھے۔
مرحومہ لائبہ اعجاز کے والد نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، یہ سنا تھا، لیکن آج انہیں اس بات کا یقین ہوگیا ہے۔

