لاہوری کپتان بابر اعظم پشاور زلمی کو دوسری مرتبہ چیمپئن بنانے کیلئے پر عزم

فائنل کھیلنے والی ٹیموں پر ڈالروں کی بارش ہوگی، بہترین پلیئر
ڈویلپمنٹ کیلئےکوشش کرنیوالی فرنچائز کو بھی 2 لاکھ ڈالر کی رقم ملےگی

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دوسری کامیابی کیلئے پشاور زلمی کی کامیابی کا دارومدار بابر اعظم کی پرفارمنس پر ہوگا جو ایونٹ میں اب تک دو سنچریاں بنا چکے ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہےکہ ہر کپتان کی خواہش ہوتی ہے ٹرافی کو اٹھائے، یہی میری خواہش ہے، ہمیں اس کیلئے اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کپتان پرفارم کرے تو یہ ٹیم کیلئے اچھا ہوتا ہے، تنقید کا کچھ نہیں کہہ سکتا، یہاں اس کا جواب نہیں دوں گا، پرفارم کروں تو تب بھی تنقید ہوتی ہے نہ کروں تب بھی ہوتی ہے، جس طرح لوگ چاہ رہے تھے یا جیسا میں چاہ رہا تھا ویسا پرفارم نہیں ہو رہا تھا، میں نے چیزوں کو سادہ رکھا ہے مائنڈ سیٹ بھی نارمل رہا، ہوم گراؤنڈ پرکھیلنے کا دباؤ نہیں ہوتا بلکہ حوصلہ ملتا ہے، سنا ہے ہاؤس فل ہوگا، ایسے میں پرفارم کرنے کا مزہ آتا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فائنل کا دباؤ یقینی بات ہے، فینز کی وجہ سے پر جوش ہیں، فینز بھی انجوائے کریں گے، اچھا ہوا انہیں اجازت ملی،ہمارا کمبینیشن اور مومنٹم بنا ہوا ہے اب لاہور میں کراچی کے مقابلے میں کنڈیشنز مختلف ہیں ہم نے اپنے پلان کے مطابق کھیلنا ہے، ہمیں تجربہ کار کھلاڑی دستیاب ہیں۔

کپتان پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ علی رضا اور فرحان یوسف پاکستان کا مستقبل ہیں، پاکستان میں ٹیلنٹ بہت ہے لیکن اس کی شناخت کرنا ضروری ہے، فارمیٹ کے لحاظ سے شناخت کرنا ہے، یہ نہ ہو کہ ٹی ٹوئنٹی ٹیلنٹ کو ٹیسٹ میں کھلائیں، ٹیلنٹ کو شناخت کرکے تمام مرحلوں کی کرکٹ کھلا کر انٹرنیشنل میں لانا چاہیے، انڈر 19، اے ٹیم میں کھلا کر قومی ٹیم میں لائیں تاکہ اسے پریشر کو ہینڈل کرنا آتا ہو۔

اوپنر کی حیثیت سےکھیلنےکے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مجھے جو رول دیا گیا ہے میں اس کے مطابق کھیل رہا ہوں، ہر نمبرکا تقاضہ مختلف ہوتا ہے، جب آپ قومی ٹیم کی طرف سےکھیل رہے ہوں تو اس کا تقاضہ بھی مختلف ہوتا ہے، ٹیم کو جس نمبر پر آپ درکار ہو اس پرکھیلنا چاہیے۔

اس سوال پرکہ اگر پی سی بی کی جانب سے دوبارہ کپتانی آفر کی گئی، بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ بعد کی بات ہے، ابھی کل کے فائنل پر فوکس ہے، پاکستان کے مفاد میں جو ہو وہ ہونا چاہیے، یہ نہیں جو آپ چاہ رہے ہیں وہ ہو۔ پریس کانفرنس سے قبل کپتانوں کا ٹرافی کیساتھ فوٹو شوٹ بھی ہوا۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کیلئے انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔پی سی بی کے مطابق فاتح ٹیم کیلئے انعامی رقم 5 لاکھ جب کہ رنر اپ کیلئے انعامی رقم 2 لاکھ ڈالرکی رکھی گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار فاتح ٹیم کو الگ سے 5 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم دی جائیگی۔پی سی بی کا کہنا ہےکہ پی ایس ایل کی رنر اپ ٹیم کو بھی 3 لاکھ ڈالر کی اضافی انعامی رقم ملے گی۔پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ کیلئےکوشش کرنیوالی فرنچائز کو بھی 2 لاکھ ڈالر کی رقم ملےگی۔