لاہور: تین بچوں کی ہلاکت کے بعد والدہ بھی دم توڑ گئیں، والد گرفتار

لاہور (کرائم سیل) لاہور کے علاقے ویلنشیا میں مبینہ طور پر زہر خورانی سے تین بچوں کی ہلاکت کے افسوس ناک واقعے میں بچوں کی والدہ بھی اسپتال میں دم توڑ گئیں، جبکہ پولیس نے بچوں کے والد ناصر ڈوگر کو مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق ناصر ڈوگر چند روز قبل بیرونِ ملک سے پاکستان واپس آیا تھا۔ واقعے کے وقت وہ گھر سے گراسری لینے کے لیے مارکیٹ گیا ہوا تھا، تاہم واپسی پر اس نے اپنے تین بچوں کو مردہ حالت میں پایا، جبکہ اہلیہ کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج دم توڑ گئیں۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 40 سالہ علینہ، 16 سالہ ریحان، 11 سالہ عرشیہ اور 9 سالہ ارسل کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ بچوں کو زہر ملا کھانا کھلایا گیا، جبکہ خاتون نے بعد ازاں خود بھی وہی زہریلا کھانا کھایا۔

واقعے کے بعد پولیس، تفتیشی حکام اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ چاروں لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ناصر ڈوگر کو مزید تفتیش کیلئےحراست میں لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق حتمی حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹس موصول ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔