لاہور :حکومت گھٹنے ٹیک کر ہمارے پاس آئے گی: حافظ نعیم الرحمان

لاہور (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو بالآخر گھٹنے ٹیک کر جماعت اسلامی کے پاس آنا پڑے گا، ماضی کے سیاسی اتحادوں سے جماعت اسلامی کو فائدے کے بجائے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، اس لیے جماعت کسی گرینڈ اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔

لاہور میں سینئر صحافیوں اور اخبارات کے ایڈیٹرز سے ملاقات کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے بل بوتے پر سیاسی میدان میں عوام کا مقدمہ لڑے گی اور نظام میں تبدیلی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اسلام آباد میں مذاکرات کی دعوت ملی ہے، تاہم ایسا نہیں ہوسکتا کہ لاہور، کراچی اور پشاور میں دھرنے ہوں اور اسلام آباد کے بند کمروں میں مذاکرات کیے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی تحریک طویل ضرور ہوگی لیکن فیصلہ کن ثابت ہوگی، حکومت کو بالآخر گھٹنے ٹیک کر جماعت اسلامی سے مذاکرات کرنا پڑیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 13 ربیع الاول کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کے بعد اسلام آباد کی جانب فیصلہ کن مارچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی اتحادوں کا حصہ بننے سے جماعت اسلامی کو فائدے سے زیادہ نقصان ہوا، اس لیے آئندہ جماعت اسلامی اپنی سیاسی جدوجہد اپنے پلیٹ فارم سے جاری رکھے گی۔حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے عائد کیے جانے والے لیوی کے اقدامات کو عوام کے سامنے لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیوی کوئی ٹیکس نہیں بلکہ حکومت کا ’’جگا ٹیکس‘‘ ہے۔