لاہور(سپورٹس ڈیسک)لاہور سے تعلق رکھنے والی تین سگی بہنوں آمنہ شہزاد، عائشہ شہزاد اور فاطمہ شہزاد نے ایک ساتھ ورلڈ ایتھلیٹکس کے کوچز ایجوکیشن سرٹیفکیشن سسٹم (سی ای سی ایس) کا لیول ون کوچنگ کورس کامیابی سے مکمل کرکے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔
کھیلوں کے پس منظر رکھنے والے خاندان سے تعلق رکھنے والی تینوں بہنوں کے دادا فیاض محمود قریشی قومی سطح کے ایتھلیٹ رہے ہیں، جبکہ ان کے والد شہزاد قریشی سابق قومی تیراک ہیں اور اس وقت کرکٹ کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
آمنہ شہزاد، عائشہ شہزاد اور فاطمہ شہزاد اس وقت بی ایس ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کی طالبات ہیں۔ آمنہ آٹھویں سمسٹر جبکہ عائشہ اور فاطمہ چھٹے سمسٹر میں زیر تعلیم ہیں۔
حال ہی میں لاہور میں پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے زیر اہتمام ورلڈ ایتھلیٹکس کے کوچز ایجوکیشن سرٹیفکیشن سسٹم کا لیول ون کورس منعقد کیا گیا، جس میں متعدد سینئر کوچز نے بھی شرکت کی، تاہم تینوں بہنیں اپنی غیرمعمولی کامیابی کے باعث خصوصی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
کورس کی کامیاب تکمیل پر تینوں بہنوں کو ورلڈ ایتھلیٹکس کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا، جسے وہ اپنے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیتی ہیں۔
آمنہ، عائشہ اور فاطمہ شہزاد کا کہنا ہے کہ سینئر کوچز کے ساتھ یہ کورس مکمل کرنا ان کے لیے یادگار تجربہ رہا۔ ان کے مطابق انہیں یقین نہیں تھا کہ وہ اس کورس کے لیے منتخب ہو جائیں گی، تاہم کامیابی سے اسے مکمل کرنے پر انہیں بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورس کے دوران انہیں کسی خاص مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور انہوں نے ہر مرحلے کو بھرپور انداز میں سیکھا اور لطف اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان کی کوشش ہوگی کہ لیول ٹو سمیت آئندہ تمام کوچنگ لیولز بھی کامیابی سے مکمل کریں اور مستقبل میں کوچنگ کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کریں۔
تینوں بہنوں کے مطابق ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے کی وجہ سے انہیں کورس کے نظریاتی اور عملی دونوں حصوں میں کافی سہولت ملی، جبکہ عملی تربیت کے دوران بھی ان کی تعلیمی معلومات نے اہم کردار ادا کیا۔

