لاہور قلندرز نے کینسر میں مبتلا بچے کی خواہش پوری کر دی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن ٹیم لاہور قلندرز نے کینسر میں مبتلا ایک بچے کی اپنے پسندیدہ کرکٹر سے ملنے کی خواہش پوری کر دی۔قلعہ دیدار سنگھ سے تعلق رکھنے والے بچے فرزان نے ایک ویڈیو پیغام میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے انسانی ہمدردی کی مثال قائم کرتے ہوئے فرزان کو گراؤنڈ مدعو کیا، جہاں وہ خصوصی طور پر ٹیم کو سپورٹ کرنے بھی آیا۔اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی اور ثمین رانا نے فرزان سے ملاقات کی، شاہین آفریدی نے اپنے دستخط کے ساتھ فرزان کے نام کی شرٹ بھی پیش کی جبکہ یادگار تصاویر بھی بنوائی گئیں۔ فرزان نے انکلوژر میں بیٹھ کر لاہور قلندرز کا میچ بھی دیکھا۔

فرزان اور ان کے والد نے اس محبت بھرے اقدام پر لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ والد نے ٹیم کے اونر عاطف رانا اور ثمین رانا کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔