لاہور(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے کیس میں دوسرا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق دوسرے ملزم کو چشتیاں سے گرفتار کیا گیا، جسے تفتیش کیلئے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے تیسرے ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اس سے قبل پولیس نے کیس کے مرکزی ملزم محسن کو لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق غیر ملکی خاتون کو مبینہ طور پر ایک مشتبہ نشہ آور شے دی گئی، جس کے بعد 3 افراد نے اسے مبینہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق خاتون کی ابتدائی طبی رپورٹ میں جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ واقعے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی بھی ایک ملزم کے رشتہ دار کے گھر سے برآمد کی گئی، تاہم رشتہ دار فرار ہے۔
ڈان کے مطابق متاثرہ 20 سالہ خاتون نے مجسٹریٹ کے سامنے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت اپنا بیان بھی ریکارڈ کرایا ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث 3 مشتبہ ملزمان کی شناخت کرلی تھی اور ان کے نام عارضی قومی شناختی فہرست میں شامل کرنے کیلئےوفاقی حکام سے بھی رابطہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون کاروباری مقصد کیلئے پاکستان آئی تھیں اور اس سے قبل بھی لاہور آچکی ہیں۔ پولیس واقعے سے متعلق تمام پہلوؤں کی تفتیش کر رہی ہے۔

