لاہور میں مبینہ اجتماعی زیادتی، آذربائیجانی لڑکی کا وطن واپس جانے سے انکار

لاہور(نامہ نگار) لاہور میں مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی آذربائیجان کی 22 سالہ لڑکی نے اپنے ملک واپس جانے سے انکار کردیا۔لاہور ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق غیر ملکی لڑکی آذربائیجان واپس جانے کے لیے رات گئے ایئرپورٹ پہنچی، جہاں اس نے چیک اِن اور امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔

ذرائع کے مطابق بورڈنگ کے بعد لڑکی جہاز میں سوار ہوئی تاہم کچھ دیر بعد وہ جہاز سے اتر گئی۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لڑکی رات سے ایئرپورٹ پر موجود ہے اور اس حوالے سے آذربائیجان کے سفارتخانے کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

چند روز قبل آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ ڈیانا نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اپنا بیان قلمبند کرایا تھا۔ بیان کی موبائل فون کے ذریعے ریکارڈنگ کے بعد اسے یو ایس بی میں منتقل کیا گیا۔

ڈیانا نے اپنے بیان میں 2 لڑکیوں نمرہ اور مسکان جبکہ 4 لڑکوں میں سے 3 کے نام محسن، احمد اور علی عزیز بتائے، جبکہ چوتھے شخص کو نامعلوم قرار دیا۔ڈیانا نے اپنے بیان میں اپنے ساتھ پیش آنے والے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے کی تفصیلات بھی بیان کیں۔