لاہور چیمبر کے زیر اہتمام پاکستان کے سب سے بڑے پیڈل ٹورنامنٹ کا آغاز

صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر, صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے افتتاح کیا

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمٰن سہگل نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے پیڈل ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، احسن شاہد، فردوس نثار، آمنہ رندھاوا، رانا نثار، احد امین ملک، عبدالمجید، وقاص اسلم، محسن بشیر، شعبان اختر، عمر سرفراز عمران سلیمی کنوینئر زیشان ارشد، بلال حفیظ، کے علاوہ کاروباری و اسپورٹس شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔چار روزہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 150 سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ شائقین کی بڑی تعداد بھی مقابلے دیکھنے کیلئے موجود ہے۔ اس موقع پر شرکاء میں زبردست جوش و خروش پایا گیا۔

صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور اس طرح کی سرگرمیاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور نوجوانوں کے لیے سپورٹس ایونٹس خوش آئند ہیں جبکہ پیڈل ٹورنامنٹ نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور چیمبر نہ صرف کاروباری سرگرمیوں بلکہ سماجی اور سپورٹس سرگرمیوں میں بھی متحرک کردار ادا کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر لاہور چیمبر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیڈل کھیل تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور ایسے ایونٹس اس کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو منفی رجحانات سے بچانے کے لیے کھیل ناگزیر ہیں اور لاہور چیمبر نے کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی نئی روایت قائم کی ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر لاہور چیمبر انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ایونٹ 17 مئی تک پیڈل ان ارینا میں جاری رہے گا.