لاہور (نمائندہ خصوصی) ہربنس پورہ کنال روڈ پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی، حادثے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔تاج پورہ کا رہائشی 15 سالہ مزمل اور فتح گڑھ کا رہائشی 18سالہ عبدالرحمان صبح کی سیر کر رہے تھے، یہ دونوں بھی کار کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئے، ریسکیو نے چاروں لاشیں جنرل اسپتال جبکہ زخمی کو سروسز اسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سفید رنگ کی تیز رفتار کار بے قابو ہوکر سڑک کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونیوالے تمام افراد نوجوان تھے۔جاں بحق ہونے والا 17 سالہ جاوید سیالکوٹ کا رہائشی تھا، وہی گاڑی چلا رہا تھا، دیگر جاں بحق ہونے والوں میں 18سالہ نعمان اور 17 سالہ فرقان بھی کار سوار ہیں جبکہ زخمی ہونے والا 11سالہ لڑکا ایان بھی کار سوار ہے، یہ چاروں کزنز تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے نعمان اور فرقان کویت سے آئے ہوئے تھے، ایک اطلاع کے مطابق چاروں لڑکے گھر والوں کو سوتا چھوڑ کر مبینہ طور پر گاڑی لے کر نکلے تھے، جبکہ ایک اور اطلاع کے مطابق لڑکے کسی بیکری سے ناشتے کا سامان لینے جا رہے تھے، تاہم پولیس واقعےکی تحقیقات کر رہی ہے۔

