لدھیانہ: گلوکارہ اندر کور کی لاش نہرسے برآمد،ملزم کینیڈافرار

لدھیانہ(بھارتی میڈیا، پولیس حکام)بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں ابھرتی ہوئی پنجابی گلوکارہ اندر کور کی لاش نہر سے برآمد ہوئی ہے، اہلخانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شادی سے انکار پر انہیں چند روز قبل اغواء کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق گلوکارہ کی لاش نہر نیلون سے ملی، جسے اہلخانہ نے شناخت کیا، بعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

گلوکارہ کے بھائی جوتندر سنگھ کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ اندر کور 13 مئی کی رات گھر سے سامان خریدنے کے لیے نکلی تھیں تاہم واپس نہ آئیں۔اہلخانہ نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سکھوندر سنگھ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انہیں اغواء کیا۔ خاندان کے مطابق ملزم گلوکارہ سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن رشتہ مسترد کیے جانے پر رنجش رکھتا تھا۔

خاندان کا دعویٰ ہے کہ ملزم کینیڈا سے پنجاب آیا، اسلحے کے زور پر اغواء کے بعد گلوکارہ کو قتل کیا اور لاش نہر میں پھینک کر واپس کینیڈا فرار ہوگیا۔اہلخانہ نے پولیس کی کارروائی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ 15 مئی کو مقدمہ درج ہونے کے باوجود بروقت کارروائی نہیں کی گئی۔

جمال پور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بلبیر سنگھ نے مقدمہ درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔اندر کور پنجابی موسیقی کی ابھرتی ہوئی گلوکارہ تھیں اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بھی مقبولیت حاصل کر رہی تھیں۔