متنازع اسکاربرو شول کے اطراف چین کی مشترکہ بحری و فضائی جنگی مشقیں

بیجنگ(شنہوا، غیر ملکی میڈیا)چینی افواج کے سدرن تھیٹر کمانڈ نے جنوبی بحیرۂ چین میں واقع متنازع اسکاربرو شول (ہوانگ یان داؤ) اور اس کے گرد و نواح کے علاقائی پانیوں اور فضائی حدود میں مشترکہ بحری و فضائی جنگی مشقیں کی ہیں۔

شنہوا اور دیگر غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کے سدرن تھیٹر کمانڈ نے ہفتے کے روز جاری بیان میں ان مشقوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی سرگرمیاں اسکاربرو شول کے سمندری اور فضائی حدود میں انجام دی گئیں۔

چینی فوج کے مطابق یہ مشقیں جنوبی بحیرۂ چین کی موجودہ صورتِ حال اور خطے کے بعض ممالک کی جانب سے ایسے اقدامات کے ردعمل میں کی گئی ہیں جو علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد افواج کی حقیقی جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لینا اور انہیں مزید بہتر بنانا ہے تاکہ چین کی علاقائی خودمختاری، سمندری حقوق اور مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اسکاربرو شول پر فلپائن بھی دعویٰ رکھتا ہے، جہاں اسے باجو ڈی ماسنلوک کہا جاتا ہے، جبکہ چین اسے ہوانگ یان داؤ کے نام سے پکارتا ہے۔دریں اثنا چین نے ہوانگ یان جزیرہ نیشنل نیچر ریزرو کے انتظام سے متعلق نئی پالیسی بھی جاری کر دی ہے۔

شنہوا کے مطابق یہ محفوظ علاقہ ستمبر 2025ء میں قائم کیا گیا تھا۔ نئی پالیسی کے تحت محفوظ علاقے میں بغیر اجازت ماہی گیری، کان کنی، مرجان اور دیوہیکل سیپ (جائنٹ کلیم) کے حصول سمیت ماحول کو نقصان پہنچانے والی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔