محسن نقوی کا پی ایس ایل شیڈول کے مطابق شروع کرنے کا اعلان

شائقین کو نہیں بلایا جائیگا، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کو منسوخ کر دیا گیا ہے
فرنچائزز کو گیٹ منی پی سی بی دے گا، چیئرمین پی سی بی کی پریس کانفرنس

مشرق وسطی کی صورتحال کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کو پروگرام کے مطابق منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت ایونٹ کے میچز شائقین کے بغیر کھیلے جائیں گے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوۓ کہا کہ پی ایس ایل 11 اپنے شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگی تاہم شائقین کو نہیں بلایا جائے گا، پی ایس ایل کے انعقاد سے متعلق مشاورت جاری تھی اور فیصلہ کیا ہے کہ لیگ شیڈول کے مطابق 26 مارچ سے شروع ہوگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل ایک انٹرنیشنل برانڈ ہے جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں، اس لیے ایونٹ کو ملتوی کرنا ممکن نہیں تھا کیونکہ آگے کوئی ونڈو دستیاب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز صرف دو شہروں کراچی اور لاہور میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے نیا شیڈول دیں گے جس میں ٹیموں کی موومنٹ کم سےکم ہوگی۔ چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کو منسوخ کردیاہے، اخراجات زیادہ نہیں ہوں گے جبکہ فرنچائزز کو گیٹ منی پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے گا۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں میچز بغیر شائقین کے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فینز ٹکٹ کے پیسے واپس لے سکیں گے،فینز سے معذرت خواہ ہیں۔