محسن نقوی کی میزبانی میں پی ایس ایل ستاروں کی کہکشاں زمین پر اتر آئی

وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ،سالک حسین،علی پرویز ملک،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین،طلحہ برکی،اٹارنی جنرل منصور اعوان سمیت ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت

ایونٹ کو حالات کی وجہ سے محدود کیا،ملک و قوم کا وسیع تر مفاد سب سے پہلے
یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بن کر سامنے آئے گی: چئیرمین پی سی بی

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی جانب سے پی ایس ایل 11 کی ٹیموں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی جبکہ پی ایس ایل 11 کا آفیشل ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب،عطا اللہ تارڑ،سالک حسین،علی پرویز ملک،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان،سنئیرُصوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی،اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز سمیت فرنچائزڈ اونرز ، پی ایس ایل کی ٹیموں کے کپتان ،ہیڈ کوچ پاکستان ٹیم ، پاکستان کی نیشنل ٹیم کے کھلاڑی ، پی ایس ایل کیلئے آئے ہوئے انٹرنیشنل کھلاڑی سکندر رضا۔ روی بوپارہ۔ تبریز شمسی، ٹم پینئے، جوش، مائیک سمتھ، برینڈن ولسن، سڈلا اور دیگر غیر ملکی پلیئر ز بھی موجود تھے۔

اس موقع چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھاخطے کی صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے،پی ایس ایل ایک ٹاپ انٹرنیشنل برانڈ بن چکا ہے اور ہم نے اسے مزید آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا شائقین کرکٹ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت کرتا ہوں۔ ملک و قوم کا وسیع تر مفاد سب سے پہلے دیکھنا ہوتا ہے، مجھے یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی کل کی آسانی بن کر سامنے آئے گی۔