محنت کشوں کے ساتھ ایک دسترخوان

ایک ماہ پہلے ہمارے گھر سے چند گز دُور کسی کے گھر کی تعمیر شروع ھوئی میں نے بیگم سے کہا آپ کی ذمہ داریوں میں مذید اضافہ ھوگیا ھے,ایک ذمہ داری اُس کی ہمارے گھر میں روزانہ تشریف لانے والے بیشمار مہمانوں کی خدمت ھے,گھر کی معاون خواتین سے مل کے مہمانوں کے لئے مختلف اقسام کے کھانے تیار کرنا اللہ پاک کا خاص کرم ھے,دوسری ذمہ داری اب اللہ کے فضل سے ہماری یہ بن گئی ھے جو محنت کش ہمارے قریب گھر کی تعمیر میں حصہ لے رھے ہیں اُن کے لئے روزانہ دوپہر کا کھانا تیار کرنے اور دن میں دو بار اُن کے لئے کچی نمکین لسی,شکنجبین,ستُو ,دودھ سوڈا, صندل یا روح افزاء کے شربت وغیرہ تیار کرکے بھجوانا ھے , سب سے خوبصورت ذمہ داری اُن کے ساتھ مل کر کھانے کی ھے , میں اُن کی منت کرتا ھوں آپ ہمارے گھر تشریف لے آیا کریں تاکہ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کے آرام سے کھائیں,وہ کہتے ہیں ہمارا ٹھیکیدار اس سے ناراض ھو جائے گا وہ کہے گا آپ تعمیر گاہ چھوڑ کر کیوں گئے ؟ اب میں انتظار میں ھوں کسی روز ٹھیکیدار سے میری ملاقات ھو جائے اور میں ان محنت کشوں کو اپنے گھر لیجانے کی اُس سے اجازت لے لُوں , آپ جانتے ہیں میں اس طرح کی پوسٹ نہیں لگاتا , جو معاملات میرے اور اللہ کے درمیان ہیں میں نے کبھی اُن کی نمائش نہیں کی , آج میں جب حسب معمول ان محنت کشوں کے ساتھ کھانا کھا رہا تھا ایک محنت کش نوجوان طیب نے بہت جھجھکتے ھوئے مجھ سے کہا “سر میں آپ کی پوسٹیں دیکھتا ھوں , آپ بڑے بڑے لوگوں کے ساتھ اپنے کھانوں کی تصویریں اور وڈیوز لگاتے ہیں , ایک پوسٹ ہمارے ساتھ بھی لگا دیں” سو طیب کا دل رکھنے کے لئے نہ چاہتے ھوئے بھی اپنا یہ عمل آپ سے شئیر کرنا پڑا گیا ھے جس کے لئے میں اپنے رب سے اور آپ سے معافی کا طلب گار ھوں .