محکمہ موسمیات نےمغربی کینیڈا میں موسم کی پہلی برف باری کی پیشگوئی کردی

کیلگری(نمائندہ خصوصی) مغربی کینیڈا میں طویل ہفتے کے اختتام پر موسم میں بڑی تبدیلی اور درجۂ حرارت میں نمایاں کمی کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں پہلی برف باری کا امکان ہے۔

موسمیاتی ماہر نکول کارک کے مطابق جمعرات سے سرد ہوا کے ساتھ نمی بھی مغربی کینیڈا کی جانب بڑھے گی، جس کے نتیجے میں وسطی اور شمالی البرٹا میں بارش برف باری میں تبدیل ہونے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں کے ساتھ ساتھ پیرِیز کے بعض حصوں میں بھی برف پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سرد موسم اور برف باری کا اثر ایڈمنٹن، ریڈ ڈئیر اور کیلگری جیسے بڑے شہروں تک بھی پہنچ سکتا ہے۔ ہفتے کی صبح بعض علاقوں میں بارش اور برف باری کا ملا جلا سلسلہ جاری رہنے اور ہلکی برف جمع ہونے کا امکان ہے۔

نکول کارک کے مطابق جمعہ سے اتوار کے دوران بعض بڑے راستوں اور شاہراہوں پر رواں سیزن کی پہلی برف باری دیکھی جاسکتی ہے، تاہم بعد میں موسم دوبارہ پرسکون ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ برف زیادہ تر پہاڑی دامن کے علاقوں میں جمع ہونے کا امکان ہے، جبکہ بڑے شہروں میں برف کی مقدار کے بارے میں فی الحال حتمی پیشگوئی کرنا مشکل ہے۔ سڑکوں پر برف زیادہ دیر برقرار رہنے کا بھی امکان نہیں، تاہم ہفتے کے دوران موسم کی پیشگوئی مزید واضح ہوجائے گی۔

موسمیاتی ماہر نے بتایا کہ ہفتے کے آغاز میں وسطی علاقوں میں رہنے والے افراد کو درجۂ حرارت میں نمایاں کمی کا سامنا ہوگا، جبکہ کیلگری میں ہفتے کے روز زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت صرف ایک ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ تاہم وینی پیگ میں ہفتے کے روز نسبتاً گرم موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔