ٹورنٹو (باباعرفان ملک سے)کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں عید ملن عشائیے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں کمیونٹی رہنماؤں، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد، خاندانوں اور بڑی تعداد میں حامیوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد عید کی خوشیوں کو مشترکہ طور پر منانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی روابط کو مضبوط بنانا، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور باہمی تعاون کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنزرویٹو پارٹی کے مسی ساگا ایسٹ۔ککس وِل سے امیدوار محمد اسحاق نے کہا کہ وہ کنزرویٹو پارٹی کے پلیٹ فارم سے تمام کمیونٹیز کی بہتری، خدمت اور رابطوں کے فروغ کیلئےاپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مختلف طبقات کو ساتھ لے کر چلنا اور ان کی فلاح و بہبود کیلئےکام کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

رینیسانس بائے دی کریک میں منعقدکی جانیوالی اس تقریب نے شرکا کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں بامقصد گفتگو، ثقافتی ہم آہنگی اور مختلف موضوعات پر خیالات کے تبادلے کا موقع ملا۔ شرکا نے اس امر پر زور دیا کہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی احترام ایک مضبوط اور جامع معاشرے کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن پارلیمنٹ ارپن کھنہ تھے، جنہوں نے شرکا سے ملاقات کی اور کمیونٹی کی فعال شمولیت اور جمہوری عمل میں شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ثقافتوں اور برادریوں کو قریب لانے والی تقریبات معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میںمیزبانی کے فرائض کنزرویٹو پارٹی کےمسسی ساگا ایسٹ۔ککس وِل سےامیدوار محمد اسحاق ،برمپٹن نارتھ۔کیلڈن سے سربجیت سرا ، برامپٹن ایسٹ سے شان لالی ،برامپٹن سینٹرسے ترن چہل اور برمپٹن۔چنگواکوسی پارک سےٹم اقبال نے انجام دئیےاور شرکا کا خیر مقدم کیا جن میں پاکستان پیپلزپارٹی کینیڈا کے صدراور کینیڈامیں وزیراعظم آزادجموںکشمیرکےمشیرچودھری جاوید گجربھی خصوصی طورپرشریک تھے.
تقریب کی نظامت حال ہی میں حج کی سعادت حاصل کرنے والی معروف سماجی شخصیت عارف شیخ نے انجام دی۔ ان کی شائستہ اندازِ میزبانی، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز کو شرکا نے سراہا، جس کے باعث تقریب خوشگوار اور یادگار بن گئی۔
تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے کمیونٹی تعاون، باہمی احترام اور جمہوری عمل میں فعال شرکت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات مختلف کمیونٹیز کے درمیان فاصلے کم کرنے، باہمی اعتماد بڑھانے اور آئندہ نسلوں کیلئےبہتر مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکا نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی، باہمی ملاقاتوں اور تبادلۂ خیال کے ذریعے روابط کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا اور وسیع تر کمیونٹی کی خوشحالی، ترقی اور فلاح کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عید صرف مذہبی خوشی کا تہوار نہیں بلکہ دوستی، خدمت، اتحاد اور باہمی احترام کی علامت بھی ہے، جبکہ عید ملن عشائیے کی یہ تقریب انہی اقدار کی بہترین عکاس ثابت ہوئی اور شرکا کو امید، یکجہتی اور باہمی تعاون کا مثبت پیغام دے گئی۔

