مسِی ساگا(اشرف خان لودھی سے) مسِی ساگا میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم کے تحت مسِی ساگا کی میئر کی امیدوار بونی کرومبی اور وارڈ 6 سے کونسلر کے امیدوار جو ہورنک کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ تقریب منعقد ہوئی،تقریب کے میزبان افتخار خان اور مرتضیٰ جویا تھے . احسن ضیا،سیدآصف علی اورطارق چوہدری سمیت دیگرمعززشخصیات نے بھی تقریب میں بھرپور شرکت کی۔
میئر کی امیدوار بونی کرومبی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ شہریوں پر ٹیکسوں میں مسلسل اضافہ قابل برداشت نہیں، خصوصاً مقررہ آمدنی اور پنشن پر گزارا کرنے والے بزرگ شہری ان اضافوں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔
بونی کرومبی نے کہا کہ گزشتہ سال شہریوں کو تقریباً 10 فیصد ٹیکس اضافہ برداشت کرنا پڑتا، تاہم محفوظ فنڈ سے رقم نکال کر اسے ساڑھے 5 فیصد تک محدود کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ جاری نہیں رہ سکتا اور مالی طور پر پائیدار بھی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی زندگی کو دوبارہ قابل استطاعت بنانا ضروری ہے، اس مقصد کیلئے وہ ٹیکس کی شرح کم کرنے کا عہد کرتی ہیں۔ ان کے مطابق شہری حکومت کے مالی معاملات کا جائزہ لینے کیلئےنگرانِ حسابات مقرر کیا جانا چاہیے تاکہ معلوم ہوسکے کہ اخراجات کہاں ہورہے ہیں اور غیر ضروری اخراجات کو روکا جاسکے۔
بونی کرومبی نے کہا کہ جب وہ میئر تھیں تو شہر میں ٹیکسوں میں اوسط اضافہ 1.7 فیصد رہا اور مجموعی ٹیکس شرح ہمیشہ مہنگائی کی شرح کے برابر یا اس سے کم رہی، کیونکہ شہری اتنے ہی اضافے کو برداشت کرسکتے ہیں۔
پولیسنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسِی ساگا کو مزید پولیس اہلکاروں کی ضرورت ہے اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، نہ کہ ان پر تنقید کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے بجٹ کو کنٹرول کرنے کا مناسب فورم پولیس بورڈ ہے، جہاں بجٹ پیش ہونے کے وقت اس پر بات چیت اور مذاکرات کیے جاسکتے ہیں۔

بونی کرومبی نے کہا کہ مسِی ساگا میں جرائم کے واقعات، گاڑیوں کی چوری، گھروں میں نقب زنی اور گھروں پر حملوں کے باعث شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے پنجابی برادری کی جانب سے مبینہ بھتہ خوری کے گروہوں سے متعلق خدشات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسِی ساگا میں ٹریفک کا مسئلہ بھی سنگین ہے اور شہر میں سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ان کے مطابق ایگلنٹن سے مسِی ساگا آنے میں 35 منٹ لگے، جبکہ شہر میں جاری سڑکوں کی تعمیر اور دیگر منصوبوں کے باعث آمدورفت مزید متاثر ہورہی ہے۔
بونی کرومبی نے ہلکی ریل کے منصوبے میں تاخیر پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 2 سال تاخیر کا شکار ہے اور مزید 2 سال تک بھی مکمل نہ ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بتایا جانا چاہیے کہ منصوبے میں تاخیر کیوں ہوئی اور اس کی نگرانی کون کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہلکی ریل شمالاً جنوباً آمدورفت کیلئے اہم ہے، کیونکہ مطالعات سے ظاہر ہوا تھا کہ مسِی ساگا سے برامپٹن کی جانب شمالاً جنوباً سفر کرنے والے افراد کی تعداد مشرقاً مغرباً ٹورنٹو جانے والوں سے زیادہ ہے۔
بونی کرومبی نے کہا کہ مسِی ساگا کو ملٹن لائن پر دونوں سمتوں میں دن بھر گو ٹرین سروس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسِی ساگا کیلئے زیرِ زمین ریل کے توسیعی منصوبے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کیپلنگ سے سب وے کو مسِی ساگا کے شیروے اور شہر کے مرکزی علاقے تک لایا جانا چاہیے، جس سے ٹورنٹو کی جانب مشرقاً مغرباً سفر کرنے والوں کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ میئر کو شہر کا سفیر اور سرمایہ کاری لانے کیلئے شہر کا سب سے بڑا نمائندہ ہونا چاہیے۔ بونی کرومبی نے اپنے سابقہ دورِ میئر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران انہوں نے 9 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری مسِی ساگا لانے میں کردار ادا کیا، جس سے دسیوں ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں۔
بونی کرومبی نے موجودہ میئر کی کارکردگی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ شہریوں کو ایسی میئر کی ضرورت ہے جو برادری سے رابطہ رکھے، بڑے شہروں کے میئرز کے اجلاسوں میں شرکت کرے، پولیس بورڈ کے معاملات میں فعال کردار ادا کرے اور شہر میں نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوشش کرے۔
مسِی ساگا کے وارڈ 6 سے کونسلر کے امیدوار جو ہورنک نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیکس کم کرنے کا وعدہ نہیں کرینگے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں لائبریریاں یا تفریحی مراکز بند کرنا پڑ سکتے ہیں۔
جو ہورنک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا پس منظر بینکاری کے شعبے سے ہے اور وہ گزشتہ ساڑھے 3 سال سے کونسلر ہیں، اس دوران انہوں نے مالی معاملات سے متعلق اپنی مہارت کو کونسل میں استعمال کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 4 سال کے دوران انہوں نے 7 کروڑ ڈالر کے اخراجات میں کمی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔
جو ہورنک نے بتایا کہ ایک موقع پر شہری انتظامیہ نے جانوروں کی خدمات کے شعبے میں 24 مزید ملازمین کی ضرورت ظاہر کی، جبکہ اس شعبے میں اس وقت 36 ملازمین کام کر رہے تھے۔ ان کے مطابق اس شعبے میں 15 سال کے دوران ایک بھی نیا ملازم شامل نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے عملے کے ساتھ مل کر معاملے کا جائزہ لیا اور تجویز دی کہ اضافی عملے کی ضرورت کو 2 یا 3 سال میں مرحلہ وار پورا کیا جائے۔ ان کے مطابق ان کی پیش کردہ ترمیم سے اس سال 6 لاکھ ڈالر کی بچت ہوسکتی تھی، تاہم کونسل نے تجویز مسترد کرکے اضافی عملے کی منظوری دے دی۔
جو ہورنک نے کہا کہ وہ بجٹ کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ایسے طریقے تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں جن سے اخراجات کو بہتر انداز میں چلایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وہ کبھی یہ نہیں کہیں گے کہ وہ شہریوں کے ٹیکس کم کردیں گے، کیونکہ اگر ٹیکس کم کیے گئے تو اس کا مطلب لائبریریاں یا تفریحی مراکز بند کرنا یا ان کی سہولیات کم کرنا ہوسکتا ہے، جو ان کے خیال میں شہری نہیں چاہتے۔
ٹریفک کی حفاظت کے حوالے سے جو ہورنک نے کہا کہ ٹیری فوکس ڈرائیو پر گاڑیاں انتہائی تیز رفتاری سے چلتی ہیں، جبکہ سڑک کے اطراف رہائشی مکانات اور ہائی اسکول جانے والے بچے بھی موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ونڈسر ہل کے مقام پر رواں ماہ ایک پیدل گزرگاہ تعمیر کی جائے گی، جس کے ذریعے اپارٹمنٹ عمارت اور علاقے کے بچوں کو سڑک عبور کرتے ہوئے پارک تک محفوظ رسائی حاصل ہوسکے گی۔جو ہورنک نے کہا کہ بعض معاملات میں شہر کی منصوبہ بندی گاڑیوں کو مدنظر رکھ کر کی گئی، تاہم شہریوں کی حفاظت کو بھی ترجیح دینا ضروری ہے۔

