مسی ساگا(نمائندہ خصوصی)مسی ساگا کے” ٹیسٹ آف ویلج ” ریسٹورنٹ میں پاکستان کے ضلع حافظ آباد سے منتخب سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری مہدی حسن بھٹی کے اعزاز میں معروف سماجی شخصیت احسن ضیا کی جانب سے عصرانے کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے آغاز میں مسی ساگا سے صوبائی رکن شیرف صباوی نے چوہدری مہدی حسن بھٹی کو کینیڈا آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں مسی ساگا اور کینیڈا میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نمائندوں، اہم شخصیات اور بیرون ملک مقیم پاکستانی برادری کے درمیان ہونے والی گفتگو پاکستان کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح وہ مصری نژاد ہونے کے باوجود کینیڈا کو اپنا وطن سمجھتے ہیں اور اس کی خدمت کو اپنا فرض جانتے ہیں، اسی طرح وہ اپنے آبائی وطن مصر کی ترقی کیلئے بھی آواز اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اپنے وطن کی توسیع ہیں اور کینیڈا میں رہتے ہوئے بھی پاکستان سے مضبوط تعلق رکھتے ہیں۔
شیرف صباوی نے کہا کہ کینیڈا میں اپنی اصل شناخت پر فخر کرنا کوئی غلط بات نہیں، کیونکہ ایک شخص بیک وقت اپنے آبائی وطن پر بھی فخر کر سکتا ہے اور کینیڈا کا وفادار شہری بھی رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری کاروبار، خاندانی نظام اور سماجی خدمات کے ذریعے معاشرے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، جس پر حکومت اونٹاریو کی جانب سے وہ تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ مسی ساگا، اونٹاریو اور کینیڈا کو مزید بہتر بنانے میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری مہدی حسن بھٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آج کل مختلف معاملات زیر بحث ہیں اور ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان کی بڑی وجہ ہماری اجتماعی کمزوریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک پاکستان کیلئے امید کی ایک ہی کرن موجود ہے اور وہ عمران خان ہیں، جو اقتدار میں آ کر ایک نیا نظام متعارف کرائیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان طویل عرصے سے سیاست سے وابستہ ہے۔ ان کے بقول ان کا بیٹا پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کا رکن ہے جبکہ ان کی بیٹی بھی عملی سیاست میں سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاکستان مستقبل میں دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک کے طور پر ابھرے گا۔
چوہدری مہدی حسن بھٹی نے مزید کہا کہ وہ خود قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کے بھی رکن رہ چکے ہیں، ان کے بھائی وفاقی وزیر رہ چکے ہیں، بعد ازاں ان کا بیٹا بھی وزیر کے منصب پر فائز رہا جبکہ ان کی بیٹی پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ہے اور ان کا ایک بھتیجا بھی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا رکن ہے۔
انہوں نے تقریب کے انعقاد پر میزبان احسن ضیا سمیت اپنے تمام ساتھیوں اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جس محبت اور عزت سے نوازا گیا، اس پر وہ دل کی گہرائیوں سے ممنون ہیں۔
تقریب کے میزبان احسن ضیا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان سے آنے والے تمام مہمانوں کا کھلے دل سے استقبال کرتی ہے اور انہیں عزت و احترام دیتی ہے، خواہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو۔
مرزا نسیم بیگ،رکن صوبائی اسمبلی شیرف صباوی،فیصل چٹھہ، لبرل پارٹی اونٹاریو کے چیئر قیصر ڈار،ناصر شاہ، اشرف خان لودھی، پاکستان پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے کینیڈا کیلئےمشیر چوہدری جاوید گجر، کرنل یحییٰ،وقاص گوندل،عدنان بودلہ،غضنفربھٹی، راجہ شفیق، مرتضیٰ جوئیہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے تقریب میں خصوصی طورپر شرکت کی۔

