مسی ساگا:سابق کرکٹر مجمد یوسف کی مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن کی اپنا گھر تقریب میں شرکت

تقریب میں پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر چودھری جاوید گجر، سابق کرکٹر سہیل تنویر، صہیب مقصود ،اشرف لودھی، ندیم ظفر گوندل، بابا عرفان ملک، فیاض الاسلام، ندیم احمد, توصیف احمد، علی ڈوگر، مرتضی جوئیہ، فراز قریشی، محمد فیصل بھی موجود تھے

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے )مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن کینیڈا کے زیر اہتمام مسی ساگا کے مقامی ریستوران میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف تھے جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی کینیڈا کے صدر چودھری جاوید گجر، سابق کرکٹر سہیل تنویر، صہیب مقصود، پاکستان ڈیف کرکٹ ٹیم کے کوچ ندیم ظفر گوندل، بابا عرفان ملک، فیاض الاسلام، ندیم احمد, توصیف احمد، علی ڈوگر، محمد فیصل،کینیڈین کنگز سپر لیگ کے ڈائریکٹرز فراز قریشی، مرتضی جوئیہ، اور جنگ نیوز کینیڈا کے چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی سمیت پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب میں مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن کی جانب سے بیوہ اور مطلقہ خواتین کیلئے اپنا گھر پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جس میں قیام کے دوران خواتین اپنے بچوں کی اچھی تربیت کرسکیں گی۔ تقریب میں یہ بھی بتایا گیا کہ اپنا گھر میں قیام کرنے والی خواتین کو مختلف ہنر بھی سکھاۓ جاتے ہیں تاکہ وہ مالی طور پر خود مختار ہوسکیں اس ضمن میں ڈیزائنر ماریہ بی اور فارورڈ سپورٹس سے ایم او یو سائن ہوچکے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوۓ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ایم ٹی جے فاؤنڈیشن کے تعاون سے عوامی فلاح و بہبود کے کئی منصوبے جاری ہیں اپنا گھر پراجیکٹ کو میں نے خود بھی وزٹ کیا جہاں خواتین کو ہنر سکھا کر مالی خود مختاری دی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کی کفالت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ وطن عزیز میں کام کرنے والے فلاحی اداروں کی دل کھول کر مدد کرتے ہیں اور میری ان سے اپیل ہے کہ وہ اپنا گھر سکیم کیلئے بھی ایسے ہی تعاون کریں۔ اس موقع پر کینیڈین کنگز کرکٹ لیگ کے زیر اہتمام برامپٹن میں نوجوانوں کی تربیت کیلئے سہیل تنویر کرکٹ اکیڈمی کا بھی تعارف کرایا گیا۔

لیگ کے ڈائریکٹرز فراز قریشی اور مرتضی جوئیہ کا کہنا تھا کہ سہیل تنویر اکیڈمی کے قیام کا مقصد پرامپٹن کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی کرکٹ کوچنگ فراہم کرنا ہے جس کیلئے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی سہیل تنویر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل تنویر کی کرکٹ کے کھیل سے محبت اور لگن نے ہمیں بے جد متاثر کیا نوجوانوں کی بڑی تعداد ان کی کوچنگ سے استفادہ حاصل کر رہی ہے جو مستقبل میں کینیڈین ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔