مسی ساگا میں 294 طلبہ کی گنجائش والا نیا اسکول کھول دیا گیا:شریف صباوی

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) مسی ساگا—ایرن ملز سے ایم پی پی شریف صباوی نے کہا ہے کہ اونٹاریو حکومت نے چرچل میڈوز میں نئے École élémentaire catholique Sainte-Kateri-Tekakwitha اسکول کیلئے 21.9 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جس سے مقامی طلبہ اور خاندانوں کو جدید تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔

شریف صباوی کے مطابق نئے اسکول میں 294 طلبہ کیلئے تعلیمی گنجائش کے علاوہ 73 لائسنس یافتہ چائلڈ کیئر نشستیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اسکول 8 ستمبر 2026 سے طلبہ کیلئے کھول دیا جائیگا۔

شریف صباوی نے کہا کہ یہ نیا اسکول مسی ساگا کے طلبہ اور خاندانوں کیلئے ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ École élémentaire catholique Sainte-Kateri-Tekakwitha مسی ساگا میں فرانسیسی زبان کی کیتھولک تعلیم کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریگا۔

شریف صباوی کے مطابق اونٹاریو حکومت نے 2026-27 کے تعلیمی سال کیلئےریکارڈ 30.6 ارب ڈالر کی تعلیمی فنڈنگ فراہم کی ہے، جبکہ صوبے بھر میں نئے اسکولوں کی تعمیر، توسیع اور تزئین و آرائش کیلئےگزشتہ تین برسوں سے سالانہ 1.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

نیا اسکول 5450 فیسٹیول ڈرائیو، چرچل میڈوز، مسی ساگا میں قائم کیا گیا ہے۔ اونٹاریو حکومت کے مطابق 2018 سے اب تک صوبے میں بڑے تعلیمی منصوبوں کیلئے7.6 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی جا چکی ہے، جس میں 209 نئے اسکول اور 11 ہزار سے زائد نئی لائسنس یافتہ چائلڈ کیئر نشستیں شامل ہیں۔