مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے)فرینڈز آف نمل، کینیڈا کے زیر اہتمام نمل اسکالرشپ فنڈ ریزنگ گالا ڈنر 2026 مسی ساگا کےمقامی ہال میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی، کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور مخیر حضرات نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام معروف سماجی شخصیت علی عمران مرزا نے کیا، جس کا مقصد نمل نالج سٹی میں زیر تعلیم مستحق اور باصلاحیت طلبہ کیلئےاسکالرشپ فنڈز جمع کرنا تھا۔اس موقع پر معروف پاکستانی فنکار عدنان صدیقی اور اعجاز اسلم نے خصوصی طورپر شرکت کی اور تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی معاونت کیلئے حاضرین کو دل کھول کر تعاون کرنے کی ترغیب دی۔
منتظمین کے مطابق تقریب کیلئے ابتدائی طور پر 2 لاکھ 25 ہزار کینیڈین ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم کمیونٹی کی بھرپور حمایت کے نتیجے میں 3 لاکھ 83 ہزار کینیڈین ڈالر سے زائد کی رقم جمع کی گئی، جس کے ذریعے نمل نالج سٹی کے 80 مستحق طلبہ کیلئے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔

تقریب سے خطاب کرنے والے مقررین نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور مستحق طلبہ کی اعلیٰ تعلیم میں معاونت مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سخاوت اور سماجی شعور کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ہمیشہ فلاحی اور تعلیمی منصوبوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔
اس موقع پر شرکاء نے اس کامیاب فنڈ ریزنگ مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنٹو میں اجتماعی طور پر 3 لاکھ 83 ہزار کینیڈین ڈالر سے زائد کی رقم جمع ہونا ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے 80 طلبہ کی تعلیم کی راہ ہموار ہوگی۔پاکستان سے شرکت کرنیوالے عدنان صدیقی نے بانسری بجاکرحاضرین سے داد سمیٹی اور اعجاز اسلم نے مہمانوں کوشاعری سنائی.نظامت کے فرائض اویس اقبال نے سرانجام دئیے.
تقریب کے اختتام پر فرینڈز آف نمل، کینیڈا کی پوری ٹیم، منتظمین، رضاکاروں اور معاونین کو کامیاب انعقاد پر انعامات دئیے گئے اورمبارک باد پیش کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی نمل کے مستحق طلبہ کی تعلیمی معاونت کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔تقریب میںعلی ڈوگراوربشریٰ بلال نے اپنے فن کامظاہرہ کیا. تقریب کے شرکا میںسلیم چودھری،روبینہ فیصل،بدرمنیرچودھری ، محمودعزیز،محبوب شیخ،خلیل میراورصنوبرناز شامل تھے.

