مسی ساگا وارڈ 5 میں نٹالی ہارٹ 52 فیصد حمایت کے ساتھ آگے

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) مسی ساگا کے وارڈ 5 میں بلدیاتی انتخابات سے قبل ہونے والے ایک سروے میں موجودہ کونسلر نٹالی ہارٹ کو فیصلہ کرچکے ووٹرز میں 52 فیصد حمایت حاصل ہوئی ہے۔

ستمبر 2026ء میں کیے گئے سروے کے مطابق نٹالی ہارٹ 52 فیصد حمایت کے ساتھ دیگر امیدواروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ حمایت رکھنے والی امیدوار ہیں، جبکہ 21.7 فیصد ووٹرز نے کسی اور امیدوار کا نام لیا۔سروے میں ڈینی سنگھ کو 9.5 فیصد، ارونا آنند کو 7.7 فیصد، اسماعیل باوا کو 7.5 فیصد اور مندیپ سنگھ دھالیوال کو 1.5 فیصد حمایت حاصل ہوئی۔

چارٹ کے مطابق سروے میں صرف فیصلہ کرچکے ووٹرز کو شامل کیا گیا اور اس میں غلطی کا امکان 9.3 فیصد درج کیا گیا ہے، جبکہ نتائج کی یہ حد 20 میں سے 19 مرتبہ برقرار رہنے کا امکان بتایا گیا ہے۔نٹالی ہارٹ جون 2024ء کے وارڈ 5 کے ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوکر کونسلر منتخب ہوئی تھیں اور اس وقت وارڈ 5 کی موجودہ کونسلر ہیں۔