قاہرہ(غیر ملکی میڈیا)چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے عوام نے بیرونی مداخلت مسترد کردی ہے، چین امن اور استحکام کیلئے مذاکرات اور مکالمے کی حمایت کرتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے دورے پر موجود چینی صدر شی جن پنگ نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چینی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کیلئے چار نکاتی حکمتِ عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں مشترکہ، جامع اور دیرپا سیکیورٹی کا نظام قائم کیا جانا چاہیے۔
شی جن پنگ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین مشرقِ وسطیٰ کا اہم مسئلہ ہے اور خطے میں امن کیلئےمذاکرات اور مکالمے کو فروغ دینا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے حصول کیلئے مضبوط بین الاقوامی رابطے اور تعاون بڑھایا جائے، جبکہ خطے کے ممالک کو اپنے مستقبل اور ترقی کے راستے کا انتخاب خود کرنا چاہیے۔

