مقبوضہ بیت المقدس(خبر ایجنسیاں)مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کے مشرقی یروشلم میں واقع دفتر پر دھاوا بول دیا۔رپورٹس کے مطابق کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کے شیل اور دستی بم استعمال کیے اور دفتر میں موجود عملے کے متعدد اہلکاروں کو حراست میں لے لیا۔
ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ نابلس، جنین اور دیگر علاقوں میں چھاپے، گرفتاریاں اور گھروں کو مسمار کرنے کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران 120 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق یہودی آبادکاروں نے مختلف فلسطینی دیہات پر حملے کیے اور بعض مقامات پر مساجد کو نذرِ آتش کرنے کی کوشش بھی کی۔فلسطینی صدر محمود عباس نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے بھی اسرائیلی کارروائیوں اور آبادکاروں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

