حیدرآباد (نامہ نگار)کراچی سےفیصل آباد جانے والی ملت ایکسپریس کی4 بوگیاں جمعہ کی شام میٹنگ-بھولاری سیکشن پر چلتی ٹرین میں انجن سے الگ ہوگئیں، جس کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ٹرین کی روانگی تقریباً ایک گھنٹے تک متاثر رہی۔
بوگیاں انجن سے الگ ہونے کے باعث ان کی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جبکہ متعدد مسافر گھبرا کر ٹرین سے اتر گئے۔ذرائع کے مطابق یہ خالی ڈبے تقریبا15 سے 18 کلومیٹرکراچی کی طرف واپس آگئے. بوگیوں کی رفتارکم ہونے پرمسافروں نے اپنی مددآپ کے تحت رکنے پرپہیوں کے آگے پتھررکھے تاکہ بوگیاں رکی رہیں.
ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے روانگی کے بعد رات 8 بج کر 40 منٹ پر انجن اور 16 بوگیوں پر مشتمل ٹرین کے درمیان موجود اسکرو کپلنگ ٹوٹ گئی، جس کے نتیجے میں بوگیاں انجن سے الگ ہوئیں۔
ریلوے کراچی ڈویژن کے حکام نے موقع پر تکنیکی ٹیم اور ضروری آلات روانہ کیے۔ریلوے کے کراچی دفتر کے چیف کنٹرولر کے مطابق مرمت اور بوگیوں کو دوبارہ انجن سے جوڑنے کا کام ایک گھنٹے کے اندر مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد ٹرین کی روانگی بحال کردی گئی۔

