ملک بھر میں یومِ آزادی پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) ملک بھر میں یومِ آزادی پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پرچم کشائی کی تقریبات، ریلیوں اور مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

بلوچستان بھر میں یومِ آزادی کی شاندار تقریبات منعقد ہوئیں۔ چمن، کوہلو، حب، قلعہ عبداللہ، پشین، گوادر، زیارت، نصیر آباد، خضدار اور دیگر شہروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔ نوکنڈی میں بلوچ نوجوانوں نے طویل قومی پرچم تھام کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

آزاد کشمیر میں بھی یومِ آزادی پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مظفرآباد میں برار کوٹ پوائنٹ کے مقام پر بچوں نے ریلی نکالی، جبکہ میرپور کے ڈویژنل ٹیچنگ اسپتال میں یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور اسپتال کے احاطے میں پودے بھی لگائے گئے۔

نیلم، سماہنی، نکیال اور بھمبر میں بھی یومِ آزادی کے حوالے سے تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں شہریوں، سرکاری افسران، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تاریخی مقامات اور تعلیمی مراکز پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں مقررین نے قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

سندھ اور پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بھی قومی پرچم لہرانے کی تقریبات ہوئیں۔ شہریوں نے ریلیاں نکال کر وطن سے محبت کا اظہار کیا اور پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔