کراچی (بیورورپورٹ) ملک بھر میں 79واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔
مزار قائد پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز 2 دستوں پر مشتمل ہیں، ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے۔یوم آزادی کے موقع پر دن کے آغاز پر لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نماز فجر کے اجتماعات میں ملک کی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

