لاہور،کراچی،اسلام آباد(نمائندگان+ایجنسیاں)ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے موقع پر حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس، مجالس اور دیگر مذہبی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جلوسوں کے راستوں پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں بھی لگائی گئیں، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
لاہور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ خیمہ سادات پہنچا، جبکہ ملتان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوا۔ بہاولپور میں مرکزی جلوس بیری والا چوک سے نکالا گیا، جبکہ اوچ شریف میں شبیہِ علم کا جلوس برآمد ہوا۔
جھنگ میں علم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر زہرا سے نکالا گیا، جبکہ گوجرانوالہ میں امام بارگاہ قصر ابو طالب سے شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا۔
چنیوٹ، گجرات، مظفرگڑھ، رحیم یار خان اور منڈی بہاؤالدین میں بھی عزاداروں نے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جلوس نکالے۔ میانوالی کے علاقے ماڑی میں دریائے سندھ پر کشتیوں کے ذریعے بھی جلوس کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر کی امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سخت حفاظتی انتظامات کیے۔
حیدرآباد میں مرکزی جلوس لطیف آباد یونٹ نمبر پانچ سے برآمد ہوا، جس میں شبیہ تابوت، علم پاک اور ذوالجناح شامل تھے، جبکہ میرپورخاص، ڈہرکی اور سیہون میں بھی عزاداری کے جلوس نکالے گئے۔ سیہون میں صدیوں پرانے تعزیے کے مرکزی جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہوئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں مرکزی جلوس امام بارگاہ بمو شاہ سے برآمد ہوا، جہاں حساس علاقوں کو سیل کر کے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے گئے۔ ہنگو میں ماتمی جلوس محلہ سیدان سے برآمد ہو کر مرکزی امام بارگاہ شاہو روڈ پہنچا۔
گلگت میں بھی مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر اکبر ڈاکپورہ سے برآمد ہوا، جہاں عزاداروں نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

