ممبئی سے سری نگر پہنچنے والا انڈیگو ایئر کا نیا ایئربس اے 321 طیارہ کھمبے سے ٹکرا گیا

سری نگر(ایجنسیاں)ممبئی سے سری نگر پہنچنے والا انڈیگو ایئر کا نیا ایئربس اے 321 طیارہ پارکنگ کے دوران ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم کے کھمبے سے ٹکرا گیا، حادثے میں طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا جبکہ تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔واقعہ انڈیگو کی پرواز 6E-225 کے ساتھ پیش آیا۔ پرواز سری نگر ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد پارکنگ بے کی جانب بڑھ رہی تھی کہ طیارہ وہاں نصب رہنمائی کے نظام کے کھمبے سے جا ٹکرایا۔

ایئرپورٹ پر طیاروں کی پارکنگ کیلئے استعمال ہونے والے ویژول ڈاکنگ گائیڈنس سسٹم میں لیزر سینسرز اور ڈسپلے یونٹس نصب ہوتے ہیں، جو پائلٹ کو طیارہ مقررہ مقام پر کھڑا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔تصادم صبح 9 بج کر 2 منٹ پر ہوا جس سے طیارے کے اگلے حصے، خصوصاً نوز کون کو نقصان پہنچا۔ یہ طیارہ مبینہ طور پر تقریباً چار ماہ قبل ہی فضائی بیڑے میں شامل ہوا تھا۔

حادثے کے بعد طیارے کو مزید پروازوں کیلئے گراؤنڈ کردیا گیا اور اسے مرمت کیلئےروک دیا گیا۔ طیارے میں موجود مسافروں اور عملے کو عام سیڑھیوں کی مدد سے بحفاظت اتار لیا گیا۔واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ایئرپورٹ حکام نے طیارے کو پہنچنے والے نقصان اور حادثے کی وجوہات جاننے کیلئےتحقیقات شروع کردی ہیں۔