منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کیس پیش رفت، ایس ایس پی معطل

کراچی(نامہ نگار)منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، متعلقہ کیس کے ضلعی سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس علی حسن کو معطل کر دیا گیا۔معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق یہ فیصلہ وزیرِداخلہ سندھ کی ہدایت پر کیا گیا۔

دوسری جانب جاوید اوڈھو نے کہا ہے کہ پنکی کیس میں کئی معتبر نام سامنے آئے ہیں اور منشیات کے کاروبار میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ ملزمہ زیادہ تر لاہور میں مقیم رہی جبکہ کیس کی مزید تحقیقات کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس معلومات ہوں تو متعلقہ اداروں کو فراہم کریں۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ کارروائیوں میں 40 کلو آئس برآمد کی گئی جبکہ ایک ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔وفاقی تحقیقاتی ادارہ کو بھی بینکاری لین دین کی تحقیقات میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ آن لائن منشیات فروخت کرنے کے معاملات کا جائزہ متعلقہ ادارے لے رہے ہیں۔