میامی(فیفا، خبر ایجنسی)برازیل کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر نیمار جونیئر فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے دوران 981 دن بعد قومی ٹیم میں واپسی پر جذباتی ہو گئے اور آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکے۔برازیل اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 76ویں منٹ میں نیمار کو میدان میں اتارا گیا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر زبردست خیرمقدم کیا۔
تین سال بعد قومی ٹیم میں ان کی واپسی میچ کا سب سے جذباتی لمحہ ثابت ہوئی، جبکہ میچ کے اختتام تک نیمار کی ہر کک پر شائقین نے بھرپور انداز میں داد دی۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار نے کہا کہ تین سال بعد دوبارہ برازیل کی قومی ٹیم کی جرسی پہننا ان کیلئےانتہائی خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وہ جسمانی طور پر خود کو بہتر محسوس کر رہے ہیں، تاہم اتنے طویل عرصے تک قومی ٹیم سے دور رہنا ان کیلئےبہت مشکل تھا۔واضح رہے کہ نیمار اکتوبر 2023ء میں یوراگوئے کیخلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہونے کے بعد قومی ٹیم سے باہر ہو گئے تھے اور اب 981 دن بعد انہوں نے بین الاقوامی فٹبال میں واپسی کی ہے۔

